اک نظر بر حال ما آقائے من پیارے نبی

اک نظر بر حالِ ما آقائے من پیارے نبی
ہوں غریب و بے نوا آقائے من پیارے نبی

پتھروں نے بند مٹھی میں بصد عجز و نیاز
آپ کا کلمہ پڑھا آقائے من پیارے نبی

مل نہ پایا اس جہاں میں آپ کے گستاخ کو
قعرِ ذلت کے سوا آقائے من پیارے نبی

اقتدار و دولت و زر مجھ غلامِ زار کو
آپ کے در سے ملا آقائے من پیارے نبی

سر ہیں خم جن و بشر کے اور ملائک کے یہاں
پاک در ہے آپ کا آقائے من پیارے نبی

خلد میں بھی آپ کی قربت میسر ہو مجھے
آپ پر میں ہوں فداؔ آقائے من پیارے نبی


غلام ربانی فدا

Comments