نام سے جس کے دل کو حرارت ملے​

نام سے جس کے دل کو حرارت ملے​
رات کو چاندنی کی عبارت ملے​
ہر قدم پر چمکتی بشارت ملے​
کون ہے؟ کون ہے؟ وہ تمہارے سوا​
مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰﷺ​


جس نے پیغامِ مہر و مروت دیا​
درسِ انصاف و دینِ اخوت دیا​
آدمی کو نمِ آدمیت دیا​
کون ہے؟ کون ہے؟ وہ تمہارے سوا​
مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰﷺ​


جس نے تاریکیوں میں اُجالا کیا​
بے نواوں کو توقیر والا کیا​
جس نے انسان کا بول بالا کیا​
کون ہے؟ کون ہے؟ وہ تمہارے سوا​
مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰﷺ​


کون ہر دور کا فیصلہ دے گیا​
مدعا دے گیا ، حوصلہ دے گیا​
ہر زمانے کو روشن دِیا دے گیا​
کون ہے؟ کون ہے؟ وہ تمہارے سوا​
مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰﷺ​


کس نے لمحات میں چاندنی گھول دی​
زندگی عدل میزان پر تول دی​
بند صدیوں کی زنجیرِ دَر کھول دی​
کون ہے؟ کون ہے؟ وہ تمہارے سوا​
مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰ ﷺ ، مصطفےٰﷺ​


سید ضمیر جعفری

Comments