اخبار میں پڑھ لیں گے کہاں آگ لگی تھی, انور مسعود


پڑھنے بھی نہ پائے تھے کہ وہ مٹ بھی گئی تھی 
بجلی نے گھٹاؤں پہ جو تحریر لکھی تھی 
چپ سادھ کے بیٹھے تھے سبھی لوگ وہاں پر 
پردے پہ جو تصویر تھی کچھ بول رہی تھی 
لہراتے ہوئے آئے تھے وہ امن کا پرچم 
پرچم کو اٹھائے ہوئے نیزے کی انی تھی 
ڈوبے ہوئے تاروں پہ میں کیا اشک بہاتا 
چڑھتے ہوئے سورج سے مری آنکھ لڑی تھی 
اس وقت وہاں کون دھواں دیکھنے جائے 
اخبار میں پڑھ لیں گے کہاں آگ لگی تھی 
شبنم کی تراوش سے بھی دکھتا تھا دل زار 
گھنگھور گھٹاؤں کو برسنے کی پڑی تھی 
پلکوں کے ستارے بھی اڑا لے گئی انورؔ 
وہ درد کی آندھی کہ سر شام چلی تھی 
انور مسعود

Comments