تار دل کے ٹوٹ کر چپ ہو گئے

تار دل کے ٹوٹ کر چپ ہو گئے
چپ نہ ہوتے تھے مگر چپ ہو گئے



 سوچ کر آئے تھے ہم کیا کیا، مگر
رنگِ محفل دیکھ کر چپ ہو گئے
کیا کبھی اس کا بھی آٰیا ہے خیال؟
کیوں ترے شوریدہ سر چپ ہو گئے
کہہ رہے تھے جانے کیا لوگوں سے وہ
مجھ کو آتا دیکھ کر چپ ہو گئے
میں نہیں گویا کسی کا ترجماں
ہمنوا یوں وقت پر چپ ہو گئے
اک اداسی بزم پر چھا جائے گی
ہم بھی اے باقیؔ اگر چپ ہو گئے

باقی صدیقی

Comments