دل جلوں سے دل لگی اچھی نہیں

دل جلوں سے دل لگی اچھی نہیں
رونے والوں سے ہنسی اچھی نہیں
منہ بناتا ہے برا کیوں وقت واعظ
آج واعظ تو نے پی اچھی نہیں
بتکدے سے مے کدہ اچھا میرا
بے خودی اچھی خودی اچھی نہیں
مفلسوں کی زندگی کا ذکر کیا
مفلسی کی موت بھی اچھی نہیں
اک حسیں ہو دل کے بہلانے کے روز
روز کی یہ دل لگی اچھی نہیں
ذرہ ذرہ آفتاب حشر ہے
حشر اچھا وہ گلی اچھی نہیں
اہل محشر سے نہ الجھو تم ریاضؔ
حشر میں دیوانگی اچھی نہیں

ریاض خیر آبادی

Comments