سلام اسﷺ ذات اقدس پر، سلام اس فخر دوراں پر

سلام اسﷺ ذات اقدس پر، سلام اس فخر دوراں پر
ہزاروں جس کے احسانات ہیں دنیائے امکاں پر

سلام اسﷺ پر جو حامی بن کے آیا غم نصیبوں کا
رہا جو بےکسوں کا آسرا، مشفق غریبوں کا

مددگار و معاون بےبسوں کا، زیردستوں کا
ضعیفوں کاسہارا اور محسن حق پرستوں کا

سلام اسﷺ پر جو آیا رحمتہ للعالمینﷺ بن کر
پیام دوست لے کر، صادق الوعد و امیں بن کر

سلام اسﷺ پر کہ جس کے نور سے پرنور ہے دنیا
سلام اسﷺ پر کہ جس کے نطق سے مسحور ہے دنیا

بڑے چھوٹے میں جس ﷺ نے اک اخوت کی بنا ڈالی
زمانے سے تمیز۔ بندہ و آقا مٹا ڈالی

سلام اس ﷺ پر جو ہے آسودہ زیر گنبد خضری
زمانہ آج بھی ہے سلام لیے جس کے در پر

سلام اس ﷺ پر کہ جس نے ظلم سہہ سہہ کر دعائیں دیں
وہ جس ﷺ نے کھائے پتھر، گالیاں، اس پر دعائیں دیں

سلام اسﷺ ذات اقدس پر حیات جاودانی کا
سلام آزاد کا، آزاد کی شیریں بیانی کا

شاعر: پنڈت جگن ناتھ آزاد​

Comments