یہ معجزہ نعت رسول مدنی ہے

یہ معجزہ نعت ِ رسولؐ مدنی ہے
جو لفظ بھی لکھتا ہوں عقیقِ یمنی ہے
اک تو کہ ترے دوش پہ بخشش کی ردائیں
اک میں کہ میرے ساتھ بے کفنی ہے
میں سایہ طوبیٰ کی خنک رتُ سے ہوں واقف
مولاؐ تیری گلیوں کی مگر چھاؤں گھنی ہے
اب کس سے کہوں کیا ہے ترے ہجر کا عالم
جو سانس بھی لیتا ہوں نیزے کی ٙ  انی ہے
جو کچھ مجھے دینا ہے زمانے سے الگ دے
وہ یوں کہ زمانے سے میری کم ہی بنی ہے !!
یہ درد کی دولت بھی میسر کسے ہو گی
جو اشک ہے آنکھوں میں وہ ہیرے کی کنی ہے
حاصل ہے اسے سایہِ دامانِ پیمبرؐ
محسن سرِ  محشر بھی قسمت کا دھنی ہے
محسن نقوی

Comments