حساب عمر کا اتنا سا گوشوارا ہے​

حسابِ عمر کا اتنا سا گوشوارا ہے​
تمہیں نکال کے دیکھا تو سب خسارا ہے​

کسی چراغ میں ہم ہیں کسی کنول میں تم​
کہیں جمال ہمارا کہیں تمہارا ہے​

وہ کیا وصال کا لمحہ تھا جس کے نشے میں​
تمام عمر کی فرقت ہمیں گوارا ہے​

ہر اک صدا جو ہمیں بازگشت لگتی ہے​
نجانے ہم ہیں دوبارا کہ یہ دوبارا ہے​

وہ منکشف مری آنکھوں میں ہو کہ جلوے میں​
ہر ایک حُسن کسی حُسن کا اشارا ہے​

عجب اصول ہیں اس کاروبارِ دُنیا کے​
کسی کا قرض کسی اور نے اُتارا ہے​

کہیں پہ ہے کوئی خُوشبو کہ جس کے ہونے کا​
تمام عالم ِموجود استعارا ہے​

نجانے کب تھا! کہاں تھا مگر یہ لگتا ہے​
یہ وقت پہلے بھی ہم نے کبھی گزارا ہے​

یہ دو کنارے تو دریا کے ہو گئے ، ہم تم!​
مگر وہ کون ہے جو تیسرا کنارا ہے​

امجد اسلام امجد

Comments