لفظ دوستی پر اشعار ، دوستی پر پسندیدہ اشعار

دشمنوں کو ستم کا خوف نہیں
دوستوں کی وفا سے ڈرتے ہیں

شکیل بدایونی

آ گیا جوہرؔ عجب الٹا زمانہ کیا کہیں
دوست وہ کرتے ہیں باتیں جو عدو کرتے نہیں

لالا مادھو رام جوہر
فائدہ کیا سوچ آخر تو بھی دانا ہے اسدؔ
دوستی ناداں کی ہے جی کا زیاں ہو جائے گا

مرزا غالب

دوستی بندگی وفا و خلوص
ہم یہ شمع جلانا بھول گئے

انجم لدھیانوی

دوستی جب کسی سے کی جائے
دشمنوں کی بھی رائے لی جائے

راحتؔ اندوری

دوستی خواب ہے اور خواب کی تعبیر بھی ہے
رشتۂ عشق بھی ہے یاد کی زنجیر بھی ہے

نامعلوم

دوستی کی تم نے دشمن سے عجب تم دوست ہو
میں تمہاری دوستی میں مہرباں مارا گیا

امداد امام اثرؔ

اے دوست تجھ کو رحم نہ آئے تو کیا کروں
دشمن بھی میرے حال پہ اب آب دیدہ ہے

لالا مادھو رام جوہر

عقل کہتی ہے دوبارہ آزمانا جہل ہے
دل یہ کہتا ہے فریب دوست کھاتے جائیے

ماہر القادری

بھول شاید بہت بڑی کر لی
دل نے دنیا سے دوستی کر لی

بشیر بدر

دوست دل رکھنے کو کرتے ہیں بہانے کیا کیا
روز جھوٹی خبر وصل سنا جاتے ہیں

لالا مادھو رام جوہر

دوست دو چار نکلتے ہیں کہیں لاکھوں میں
جتنے ہوتے ہیں سوا اتنے ہی کم ہوتے ہیں

لالا مادھو رام جوہر

دوستی عام ہے لیکن اے دوست
دوست ملتا ہے بڑی مشکل سے

حفیظ ہوشیارپوری

دوستی اور کسی غرض کے لئے
وہ تجارت ہے دوستی ہی نہیں

اسماعیلؔ میرٹھی

Comments