نہیں خلق ہی میں یہ غلغلہ تیری شان جل جلالہ

نہیں خلق ہی میں یہ غلغلہ ، تیری شان جلّ جلالہ
سرِ عرش بھی ہے لکھا ہوا تیری شان جلّ جلالہ

تیری ذات مالکِ کُن فَکاں، تیری ذات خالقِ اِنس و جاں
تیرے دَر کے شاہ بھی ہیں گدا ، تیری شان جلّ جلالہ

تیرا نام پاک دَوائے دل ، تیرا ذِکر پاک غذائے دل
تیرا شُکر کِس سے ہُوا اَدا ، تیری شان جلَّ جلالہ

ہے کرِیم تُو ہے رَحِیم تُو ، ہے عَلیم تُو ہے قدیم تُو
ہے مُحال حَصر صِفات کا ، تیری شان جل جلالہ

ہے زمانے بھر پہ کرم تِرا ، بھرے کیوں زمانہ نہ دَم تِرا
دَرِ فیض خَلق پہ ہے کُھلا ، تیری شان جلّ جلالُہ

میرے دل کو صَبر و قَرار دے ، میرے بِگڑے کام سنوار دے
مُجھے ہے تِرا ہی اِک آسرا ، تیری شان جلّ جلالہ

نہیں خَلق ہی میں یہ غلغلہ ، تیری شان جل جلالہ
سَرِ عَرش بھی ہے یہ لکھا ہوا ، تیری شان جل جلالہ

امیر مینائی

Comments