جمال کم سخن سے ایسا کام کیسے ہو گیا

جمالِ کم سخن سے ایسا کام کیسے ہو گیا

میں خوگرِ کلام، بے کلام کیسے ہو گیا


محبتوں کے سلسلے تمہی پہ کیسے رک گئے

مسافروں کا اس گلی قیام کیسے ہو گیا

جو خوۓ احتیاط پر تمہارا اختیار ہے

تو روۓ بے نیاز لالہ فام کیسے ہو گیا


تمام راستوں پہ وہ چلا قدم سنبھال کر

بدن کے راستے پہ بے لگام کیسے ہو گیا


سکوت کے سکون کی کمائی کیسے لٹ گئی

سخن کا اضطراب میرے نام کیسے ہو گیا


وہ دیدِ لا وجود کس نظر کی گھاٹ اتر گئی

یہ عمر بھر کا کام تھا، تمام کیسے ہو گیا


نہیں نہیں کوئ نہیں، کوئ نہیں کہیں نہیں

گمان تھا، یقین کا امام کیسے ہو گیا


زمیں کو جانتے ہوۓ، فلک کو تانتے ہوۓ

میں آپ ہی امام تھا، غلام کیسے ہو گیا


ضرور کچھ غلط لکھا گیا شرف کے باب میں

یہ زر کا انتظام، احترام کیسے ہو گیا


یہ جوۓ درد کس طرح زمینِ جاں پہ بہہ پڑی

فصیلِ ضبطِ غم کا انہدام کیسے ہو گیا

شہزاد نیر

Comments