لیتا ہوں نام خلد کا طیبہ نگر کے بعد

لیتا ہوں نام خلد کا طیبہ نگر کے بعد
کعبے کو چومتا ہوں ترے سنگ در کے بعد

رقصاں ہے جس میں گیسوئے احمد کی چاندنی
اک سلسلہ ہے اور بھی شام و سحر کے بعد

اللہ رے دیارِ مہ و خور میں گھوم کر!
مسند پہ لوٹ آیا کوئی دوپہر کے بعد

دستور مصطفےٰ پہ کرو ناز دوستو
منزل ہمارے ساتھ ہے اس راہبر کے بعد

ساغر وہ غلغلہ ہے نبی کے ورود پر
نکلا ہے آج چاند بھی خوف و خطر کے بعد

ساغر صدیقی

Comments