ہیں تخیل کی ہمسفر آنکھیں

ہیں تخیل کی ہمسفر آنکھیں
غزل کہتی ہوئی مدھر آنکھیں

دے کے احساس کو حسیں منظر
لے گئی ہیں تمام ڈر آنکھیں

ایک نکتہ ہے روبرو لیکن
دیکھتی ہیں ادھر ادھر آنکھیں

صرف آہٹ ہی سنی تھی دل نے
دیکھ اب بھی ہیں بام پر آنکھیں

ہے لطافت سی لطافت توبہ
روح میں سے گئیں گزر آنکھیں

ایک جنبش سی ہوئی مژگاں کی
کر گئیں وقت کا سفر آنکھیں

مجھ پہ کب کی ہے دسترس اسکی
جانے کس کی ہیں منتظر آنکھیں

آس سے پھول سے کھلاتی ہوئی
تیرگی میں نئی سحر آنکھیں

عشق کو ایک بار سوچا تھا
رہی سجدے میں عمر بھر آنکھیں

دھڑکنیں پوچھ کر چلیں ان سے
ہو گیئں اتنی معتبر آنکھیں

روبرو آئینے کے مت جانا
عکس پر جائیں گی ٹھہر آنکھیں

پھر زمانے میں بچے گا ہی کیا؟
پھیر لی آپ نے اگر آنکھیں

نامعلوم

Comments