تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں

(پیروڈی)
جناب منیر نیازی کی روح سے معذرت کے ساتھ
________________________
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
کہیں پر کوئی دعوت ہو کہیں پرکوئی کھانا ہو
کوئی چالیسواں ہو فاتحہ کا آب و دانہ ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
وظیفے کا کوئی فارم کہیں بھرنا بھرانا ہو
کسی سے مال لینا ہو کہیں رشوت دلانا ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
کسی کے عشق کا قصہ رقیبوں کو سناناہو
کسی مجنوں کے نانا کا صریحًا دل جلانا ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
کوئی محفل کوئی مجلس کہیں پر شاعرانا ہو
غزل کی سرقہ بازی ہو کسی کی دھن چرانا ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
کسی نوخیز لڑکی کو کہیں ٹیوشن پڑھانا ہو
سڑک پر جا رہی ہو اور لفنگوں سے بچانا ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
کسی ہوٹل پہ یاروں سے کبھی ملنا ملانا ہو
یقیں پکا ہو جب اوروں کو میرا بل چکانا ہو
تو قبل از وقت آجاتا ہوں میں
بتاشے عرس کے ہوں یا کہیں لڈو بٹانا ہو
کہیں پر جوڑنا ہو کچھ کہیں پر کچھ گھٹانا ہو
تو قبل از وقت آجاتا ہوں میں
کسی پھاٹک کو جاکر بے سبب ہی کھڑکھڑانا ہو
کہیں کنڈی بجا کر اک منٹ میں بھاگ جانا ہو
تو قبل از وقت آجاتا ہوں میں
جنوں کوئی بھی ہولیکن ذرا سا عامیانا ہو
عمل کوئی بھی ہو لیکن ذرا سا جاہلانا ہو
تو قبل از وقت آ جاتا ہوں میں
____________________
اسنٰی بدر

Comments