جو لوٹنا تو یہیں پہ آنا کہ میں یہیں ہوں

جو لوٹنا تو یہیں پہ آنا کہ میں یہیں ہوں
یہی ہمیشہ پیام بھیجا کہ میں یہیں ہوں
اس ایک جملے سے ہجر آسان ہو گیا ہے
کسی نے جاتے ہوئے کہا تھا کہ میں یہیں ہوں
میں دشمنوں میں بھی کاٹ لیتا یہ زندگانی
تو صرف اک بار مجھ سے کہتا کہ میں یہیں ہوں
تمھیں اکیلا سمجھ کے جو بھی دباؤ ڈالے
مری طرف سے اسے بتانا کہ میں یہیں ہوں
میں حوصلہ ہارنے لگا تھا مگر ہوا یوں
کوئی کہیں دور سے پکارا کہ میں یہیں ہوں
میں ان کی اس کیفیت کا لیتا ہوں لطف اب تک
جنھیں اچانک پتا چلا تھا کہ میں یہیں ہوں
مجھے لگا تھا کہ میں اکیلا کھڑا ہوں تیمور
کسی نے پھر بول کر بتایا کہ میں یہیں ہوں
تیمور حسن

Comments