جھگڑنا کا ہے کا میرے بھائی پڑی رہے گی

جھگڑنا کاہے کا ؟ میرے بھائی پڑی رہے گی
یہ باپ دادا کی سب کمائی پڑی رہے گی

اندھیرے کمرے میں رقص کرتی رہے گی وحشت
اور ایک کونے میں پارسائی پڑی رہے گی

ہوا کی منت کرو کہ گھر کے دئیے بجھے تو
اداس ہو کر دیا سلائی پڑی رہے گی

ہماری نظروں سے اور اوجھل اگر ہوئے تم
زمانے بھر کی یہ روشنائی پڑی رہے گی

تمہارے جانے کے بعد کیسی محلے داری ؟
یقین کرلو ، بنی بنائی ، پڑی رہے گی

تمہارے ہاتھوں کا لمس کافی ہے ، لوٹ آو
میں ٹھیک ہوجاوں گی ، دوائی پڑی رہے گی

بزرگ رخصت ہوئے ہیں لیکن برآمدے میں
پرانے وقتوں کی چارپائی پڑی رہے گی

کومل جوئیہ

Comments