آپ کی شان ہے کیا شان رسول عربی

آپ کی شان ہے کیا شان رسول عربی
آپ پر جان ہے قربان رسول عربی
کس نے یہ مرتبہ پایا ہے ، ہوا کس کو عروج
ہوۓ اللّه کے مہمان رسول عربی
ہے قیامت میں اسے کون بچانے والا
تم ہو امت کے نگہبان رسول عربی
ہے وہی حکمِ خداوندِ تعالی بے شک
جو ہوا آپ کا فرمان رسول عربی
آپ کا مرتبہ ہے حضرت آدم سے بلند
کوئی ایسا نہیں انسان رسول عربی
آپ کے نام کا کلمہ ہے مسلمان کی جان
ہے یہ دین دار کا ارمان رسول عربی
خانہ ویران بھی ہوں بے سرو سامان بھی ہوں
کوئی بنتا نہیں سامان رسول عربی
میں گنہگار ہوں ایسا کہ دعا کرتے بھی
دل میں ہوتا ہوں پشیمان رسول عربی
اپنی امت کے نگہبان ہیں کونین میں آپ
آپ کا حق ہے نگہبان رسول عربی
مجھ کو انجام کی ہے فکر کہ کیا ہونا ہے
گم ہیں اس خوف سے اوسان رسول عربی
آئنہ خانے کی صورت ہے یہ خیرت خانہ
آدمی کیوں نہ ہو حیران رسول عربی
میں گرفتار غم و رنج رہوں گا کب تک
میری مشکل کرو آسان رسول عربی
نیک کاموں میں شب و روز بسر ہو میری
رات دن ہے یہی ارمان رسول عربی
آپ کا رتبہ ہے ایسا کہ جناب جبریل
آپ کے در کے ہیں دربان رسول عربی
میر محبوب علی کو ملے عمر دراز
ہے دعا داغ کی ہر آن رسول عربی

نواب داغ دہلوی

Comments