یہ ظلم سر دار مجھے یاد رہے گا

یہ ظلم سرِ دار مجھے یاد رہے گا
اس عشق کا ہر وار مجھے یاد رہے گا

ان شور مچاتے ہوئے مداحوں میں بس ایک
خاموش پرستار مجھے یاد رہے گا



تذلیل کا یہ زخم تروتازہ ہے کب سے
اے دوست یہ انکار مجھے یاد رہے گا

جب دشت کی یہ دھوپ جلائے گی مرے خواب
اک سایہء دیوار مجھے یاد رہے گا

ہر بار یہی بات کہ تم بھول گئیں تو ؟ 
کہنا پڑا ہر بار مجھے یاد رہے گا

اس جھوٹ کی دنیا میں جہاں جھوٹ ہے سب کچھ
ہر سچا قلم کار مجھے یاد رہے گا

کومل جوئیہ

Comments