پھر اس کے بعد وہ روٹھا رہا نہیں مانا
پھر اس کے بعد وہ روٹھا رہا نہیں مانا
بس ایک بار ہی ، دل کا کہا ، نہیں مانا
تو اُس کی ذات کو کیا فرق پڑنے والا ہے ؟
اگر کسی نے خدا کو خدا نہیں مانا
میں صبر و ضبط کی اچھی مثال ہوں ، میں نے
بُروں کی بات کا اکثر برا نہیں مانا
یہ جنگ ختم ہوجاتی مصالحت کے طفیل
ہوا تو مان بھی جاتی ، دِیا نہیں مانا
مجھے بھی جانتے تھے لوگ ، اس کی فطرت بھی
سو جس کسی نے بھی قصہ سُنا ، نہیں مانا
میں تجھ سے مانگ تو لیتی تری محبت پر
یقین کر مرا دستِ انا نہیں مانا
کومل جوئیہ

Comments
Post a Comment