یوں ہم اس شوخ کو پہلو میں لیے بیٹھے ہیں

یوں ہم اس شوخ کو پہلو میں لیے بیٹھے ہیں
کوئی آئے تو یہ سمجھے کہ پیے بیٹھے ہیں

تم سے اظہار خیالات کریں یا مر جائیں
آج اس بات کا ہم عہد کیے بیٹھے ہیں

ضد دلانا جو ہے مقصود تبسم کو تِرے
ہم پھر آج اپنے گریباں کو لیے بیٹھے ہیں

ہنس رہے ہیں شبِ وعدہ وہ مکاں میں اپنے
ہم ادھر عیش کا سامان لیے بیٹھے ہیں

جو مقدر میں ہے وہ ہو کہ رہے گا اے جوش
آپ کیوں دل کو پریشان کیے بیٹھے ہیں؟
جوش ملیح آبادی

Comments