بہت دنوں سے یہ مرے بام و در کا حصہ ہے

بہت دنوں سے یہ مرے بام و در کا حصہ ہے
مری طرح یہ اداسی بھی گھر کا حصّہ ہے

پھر اس کے بعد ہوا اور اس کا رحم و کرم
ابھی تلک تو یہ پتہ شجر کا حصہ ہے

ضرور دل سے کوئی رابطہ ہے آنکھوں کا
اسی لیے تو لہو چشم ِ تر کا حصہ ہے

یہ تیرا تاج نہیں ہے ہماری پگڑی ہے
یہ سَر کے ساتھ ہی اترے گی، سَر کا حصہ ہے



نجانے شاد تری کب سمجھ میں آئے گا
کہ اب ضمیر فروشی ہنر کا حصّہ ہے

خوشبیر سنگھ شاد

Comments