حسن بے مثل کا اک نقش اتم ہیں واللہ

حسنِ بے مثل کا اِک نقشِ اُتم ہیں، واللہ
آپ کے نقشِ قدم، رشکِ اِرَم ہیں، واللہ

آپ کی وُسعتِ خیرات کی تعبیر محال
آپ تو شانِ عطا، جانِ کرم ہیں، واللہ

آپ ہی قاسمِ نعمت ہیں باذنِ مُعطی
آپ ہی صاحبِ توفیق و نِعَم ہیں، واللہ

آپ کی مدح کے امکان ہیں خالق کے سپرد
خَلق کے حیطۂ اظہار تو کم ہیں، واللہ

آپ کے ذکر سے کھِل اُٹھتا ہے صحرائے وجود
آپ کے ہوتے ہوئے کون سے غم ہیں، واللہ

شوقِ نظّارۂ محبوب بیاں ہو کیسے
دل بھی تعجیل میں ہے، آنکھیں بھی نم ہیں، واللہ

وُسعتِ رحمتِ ُکل کے یہ مناظر سارے
آپ کی رحمتِ بے پایاں کے یَم ہیں، واللہ

جا بجا ِکھلتے ہوئے شوخ ُگلابوں کے ہجوم
آپ کی زُلفِ طرحدار کے خَم ہیں، واللہ

شوکت و جبر کے معمار، ترے باجگزار
سَر کشیدہ بھی ترے سامنے خَم ہیں، واللہ

طوقِ رسوائیِ جاں زیبِ ُگلو ہے مقصودؔ
جن کو غفران کا مژدہ ہے وہ ہم ہیں، واللہ
سید مقصود علی شاہ

Comments