نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
۔۔۔


کھلے کہیں تیری رحمت کا باب میرے لیے

میں تیرہ بخت ہُوں توُ آفتاب میرے لیے

تِرے کرم کی حدیں کائنات سے بڑھ کر

درِ نجات ہے تیری جناب میرے لیے

جزیرئہ دل و جاں میں تِرے ہی نام کے ساتھ

ہوائے سبز کھلائے گلاب میرے لیے

عطا ہو سایۂ رحمت کا ایک ہی لمحہ

کہ ایک لمحہ بھی ہے بے حساب میرے لیے

ترا جمال، جمالِ خدا کا مظہر ہے

تِری حیات خدا کی کتاب میرے لیے

جو کوہِ شب سے اُتر کر سحر نما ہو جائیں

اُتار کُوچۂ دل میں وہ خواب میرے لیے

ایوب خاور

Comments