کیسا کا نعرہ کیسا قول اللہ بول


کیسا کا نعرہ، کیسا قول، اللہ بول
 ابھی بدلتا ہے ماحول، اللہ بول
کیسے ساتھی، کیسے یار، سب مکار
 سب کی نیت ڈانواں ڈول، اللہ بول
جیسا گاہک، ویسا مال، دے کر ٹال
 کاغذ میں انگارے تول، اللہ بول
ھر چہرے کے سامنے رکھ دے آئینہ
 نوچ لے ہر چہرے کا خول، اللہ بول
دلالوں سے ناتا توڑ، سبکو چھوڑ
 بھیج کمینوں پر لاحول، اللہ بول
شاخ سحر پر مہکے پھول اذانوں کے
 پھینک رضائی، آنکھیں کھول، اللہ بول

چھوڑ زمین پر اپنی چھاپ سمتیں ناپ
دہلی ہو یا آسن سول اللہ بول

سانسوں پر لکھ رب کا نام صبح و شام
یہی وظیفہ ہے ان مول اللہ بول
- ڈاکٹر راحت اندوری -

Comments