تری آنکھوں سے جتنا دیکھتا ہوں

تری آنکھوں سے جتنا دیکھتا ہوں
میں بس اتنی ہی دنیا دیکھتا ہوں

نظر آئے گا وہ خُود بھی کسی دن
ابھی تو اُس کا سایہ دیکھتا ہوں

کبھی وہ حُسن بھی دیکھوں گا جا کر
ابھی اُس کی تمنّا دیکھتا ہوں

گزرتی ہے ترے کوچے سے دنیا
تری کھڑکی سے کیا کیا دیکھتا ہوں

وہ کہتا ہے: مجھے تم دیکھتے ہو!
میں کہتا ہوں کہ اچھا دیکھتا ہوں

مری آغوش میں ہونا تھا جس کو
اُسے میں سوچتا یا دیکھتا ہوں

ٹھٹھک کر ٹھیر جاتا ہوں وہیں پر
جہاں کوئی دریچہ دیکھتا ہوں

رسائی میں رکھی ہے اُس نے دنیا
جسے چپ چاپ بیٹھا دیکھتا ہوں

میں جس کشتی میں پار اُتروں گا آخر
ابھی تو اُس کو آتا دیکھتا ہوں

میں اپنے آپ سے باہر نکل کر
ضیاء اپنا تماشا دیکھتا ہوں

ضیاء الحسن

Comments