مرے وطن
مرے وطن
سدا یونہی سجی رہے یہ انجمن
جواں رہے ہمیشہ تیرا بانکپن
مرے وطن
عظیم تیرے کوہسار ‘ تری چوٹیاں
ارم سے بھی حسین ہیں یہ تیری وادیاں
بہار آفرین و رشک خلد ہیں
تیرے چمن
مرے وطن
گزر کے سیل خون سے باوقار کر دیا
لہو سے مانگ بھر کے زر نگار کر دیا
کفن بدوش جاں نثار دے گئے
تجھے پھبن
مرے وطن
اخوت و یقین و آگہی کے کارواں
دیار حرّیت میں روشنی کے کارواں
صراط مستقیم پر سدا رہیں
یہ گامزن
مرے وطن
محسن بھوپالی
Comments
Post a Comment