Prose-Sonnet

[Prose-Sonnet]
نعتِ رسولِ مقبول محمدﷺ
غار کے دہانے پر مکڑیوں نے ہرے اونی جالے بن دئیے ہیں
سانپ کسی پیر کے انگوٹھے کو بوسہ دے کر لوٹ گیا ہے
جبریل امین نے اپنے پر امانت کی طرح سمیٹ لئیے ہیں
آسمانوں نے بادل کا بہترین ٹکڑا تلاش کر لیا ہے
درخت سجدے سے اٹھ گئے ہیں چاند کو دوبارہ جوڑ دیا گیا
پہاڑی کے دونو جانب ایک جیسے سوال اٹھے ہیں
سیارے اپنی چال بدل رہے ہیں نجومیوں کو تنہا چھوڑ دیا گیا
اب تک ایک لاکھ چوبیس ہزار ستارے رونما ہو چکے ہیں
تسبیح کے چالیسویں دانے سے نور پھوٹا ہے
کون و مکاں اس نور کی گواہی دے رہے ہیں
ریگزاروں میں ایک اسم گونجا ہے
بازگشت میں ننانوے نام سنائی دے رہے ہیں
جو ساتوں زمینوں اور ساتوں آسمانوں پر رقم ہے
زمانہ چودہ لائینوں کی ایک نظم ہے
عمار اقبال

Comments