مظفر وارثی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم

تیری خوشبو میری چادر
تیرے تیور میرا زیور
تیرا شیوا میرا مسلک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
میری منزل تیری آہٹ
میرا سدرہ تیری چوکھٹ
تیری گاگر میرا ساگر
تیرا صحرا میرا پنگھٹ
میں ازل سے تیرا پیاسا
نہ ہو خالی میرا کاسہ
تیرے واری تیرا بالک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
تیری مدحت میری بولی
تو خزانہ میں ہوں جھولی
تیرا سایہ میری کایہ
تیرا جھونکہ میری ڈولی
تیرا رستہ میرا ہادی
تیری یادیں میری وادی
تیرے ذرے میرے دیپک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
ترے دم سے دلِ بینہ
کبھی فاراں کبھی سینہ
نہ ہو کیوں پھر تیری خاطر
میرا مرنا میرا جینا
یہ زمیں بھی ہو فلک سی
نظر آئے جو دھنک سی
تیرے در سے میری جاں تک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
میں ہوں قطرہ تو سمندر
میری دنیا تیرے اندر
سگِ داتا میرا ناطا
نہ ولی ہوں نہ قلندر
تیرے قدموں میں پڑے ہیں
میرے جیسے تو بڑے ہیں
کوئی تجھ سا نہیں بے شک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
میں ادھورا تو مکمل
میں شکستہ تو مسلسل
میں سخن ور تو پیمبر
میرا مکتب تیرا اِک پل
تیری جنبش میرا خامہ
تیرا نقطہ میرا نامہ
کیا تو نے مجھے زیرک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
میری سوچیں ہیں سوالی
میرا لہجہ ہو بلالی
شبِ تیرا کرے خِیرا
میرے دن بھی ہوں مثالی
تیرا مظہر ہو میرا فن
رہے اُجلا میرا دامن
نہ ہو مجھ میں کوئی کالک
وَرَفَعْنَالَکَ ذِکْرَکْ
*صَلُّوا عَلَى الْحَبِيْب - صَلَّى اﷲُ تَعَالٰى عَلٰى مُحَمَّد

مظفر وارثی

Comments