یہ نہر اور کنارے تمہیں سمجھتے ہیں

یہ نہر اور کنارے تمہیں سمجھتے ہیں
تمام پیڑ ہمارے تمہیں سمجھتے ہیں
ہمیں تو چھوڑو کہ ہم اس جہاں کے ہیں ہی نہیں
سوال یہ ہے تمہارے تمہیں سمجھتے ہیں
سمجھ رہے ہیں جنہیں لوگ آسمان کا حسن
وہ چاند اور ستارے تمہیں سمجھتے ہیں
حسین لوگو تمہارے فریب ہم تک ہیں
ہمارے بعد کے سارے تمہیں سمجھتے ہیں
تمہارے بارے میں کوئی انہیں بتائے کیا
تمام ہجر کے مارے تمہیں سمجھتے ہیں
ندیم بھابھہ

Comments