ہاتھ کی اوٹ لئے دیکھ کے سو جائیں گے

ہاتھ کی اوٹ لئے دیکھ کے سو جائیں گے
ایک چہرہ ہے جسے دیکھ کے سو جائیں گے
پہلے اک خوف سے جاگے گی یہ ساری بستی
بعد میں لوگ مجھے دیکھ کے سو جائیں گے
کچھ پرندے تو بہت روئیں گے اس جنگل پر
اور کچھ پیڑ جلے دیکھ کے سو جائیں گے
سننے والے تری آہٹ کو سنیں گے اور پھر
بند آنکھوں سے تجھے دیکھ کے سو جائیں گے
سونے والوں کے تو ہیں خیر مقدر سوئے
جاگنے والے اُسے دیکھ کے سو جائیں گے
زندگی نام کی اک فلم چلی ہے ایسی
سب کے سب چھوٹے بڑے دیکھ کے سو جائیں گے
ایسی تصویر بناوں گا میں ساحر اک دن
ہجر والے بھی جسے دیکھ کے سو جائیں گے
جہانزیب ساحر

Comments