رنج اور رنج بھی تنہائی کا

رنج اور رنج بھی تنہائی کا
وقت پہنچا مِری رسوائی کا
تم نے کیوں وصل میں پہلو بدلا
کس کو دعویٰ ہے شکیبائی کا

اس سے ناداں ہی بن کر ملیے
کچھ اجارا نہیں دانائی کا
عمر شاید نہ کرے آج وفا
کاٹنا ہے شبِ تنہائی کا
سات پردوں میں نہیں ٹھہرتی آنکھ
حوصلہ کیا ہے تماشائی کا
درمیاں پائے نظر ہے جب تک
ہم کو دعویٰ نہیں بینائی کا
ہوں گے حالیؔ سے بہت آوارہ
گھر ابھی دور ہے رسوائی کا

الطاف حسین حالی

Comments