ڈھب دیکھے تو ہم نے جانا، دل میں دُھن بھی سمائی ہے​

ڈھب دیکھے تو ہم نے جانا، دل میں دُھن بھی سمائی ہے​
میرا جی دانا تو نہیں ہے، عاشق ہے، سودائی ہے​

صبح سویرے کون سی صُورت پُھلواری میں آئی ہے ​
ڈالی ڈالی جُھوم اُٹھی ہے، کلِی کلِی لہرائی ہے​

جانی پہچانی صُورت کو اب تو آنکھیں ترسیں گی ​
نئے شہرمیں جِیون دیوی نیا رُوپ بھر لائی ہے​

ایک کِھلونا ٹُوٹ گیا تو اورکئی مِل جائیں گے​
بالک! یہ انہونی تجھ کو کس بیری نے سُجھائی ہے​

دھیان کی دُھن ہے امرگیت، پہچان لِیا تو بولے گا​
جس نے راہ سے بھٹکایا تھا وہی راہ پر لائی ہے​

بیٹھے ہیں پھلواری میں، دیکھیں کب کلِیاں کِھلتی ہیں​
بھنور بھاؤ تو نہیں ہے، کس نے اِتنی راہ دِکھائی ہے؟​

جب دل گھبرا جاتا ہے، تو آپ ہی آپ بہلتا ہے​
پریم کی رِیت اِسے جانو پر ہونی کی چترائی ہے​

امیدیں، ارمان سبھی جُل دے جائیں گے، جانتے تھے ​
جان جان کے دھوکے کھائے، جان کے بات بڑھائی ہے​

اپنا رنگ بھلا لگتا ہے، کلِیاں چٹکیں، پھُول بنیں​
پُھول پُھول یہ جُھوم کے بولا، کلیو! تم کوبدھائی ہے​

آبشار کے رنگ تو دیکھے لگن منڈل کیوں یاد نہیں ​
کس کا بیاہ رچا ہے؟ دیکھو! ڈھولک ہے شہنائی ہے​

ایسے ڈولے من کا بجرا جیسے نین بیچ ہو کجرا​
دل کے اندردُھوم مچی ہے جگ میں اُداسی چھائی ہے​

لہروں سے لہریں ملتی ہیں ساگر اُمڈا آتا ہے ​
منجدھارمیں بسنے والے نے ساحل پر جوت لگائی ہے​

آخری بات سُنائے کوئی، آخری بات سُنیں کیوں ہم نے ​
اِس دُنیا میں سب سے پہلے آخری بات سُنائی ہے ​

میرا جی​

Comments