پیش جاناں کو سیلری کی تھی

پیش جاناں کو سیلری کی تھی
تیس دن شکل ماتمی کی تھی
جانتا ہوں فقہ محبت کا
قیس ، رانجھے نے رہبری کی تھی
جس زمیں میں وہ شعر کہتی گئی
وہ زمیں خوب گوبری کی تھی
سچ تو یہ ہے میاں کولمبس نے
جا کے یو ایس میں لوفری کی تھی
لینز رکھوا کے دونوں آنکھوں میں
اس نے زن کی برابری کی تھی
جون ثانی تو بنتے پھرتے ہو
تم نے جو کی ہے شاعری، ""کی تھی؟""
یخ دسمبر میں ململی کِٹ نے
سب کی آنکھوںمیں کھلبلی کی تھی
عشق میں کاہلی دکھانے پر
میں نے رانجھے کی بیستی کی تھی
ڈٹ کے کرتا رہا زمانہ عشق
میں نے بھی کونسی کمی کی تھی
عقد ثانی کا چانس مس کر کے
بزدلی سی بہادری کی تھی
آج میک اپ تھا دو کلو سے بھی کم
اس نے کیوں حسن میں کمی کی تھی
نارمل سی مری محبت تھی
اور بشیراں سے اونلی کی تھی
عمر بھر کے فراق جاناں پر
دو منٹ آ نکھ بارشی کی تھی
وہ جو چڑتی تھی سرخ رنگت سے
پیش اس کو سٹابری کی تھی
چاند پر بھی کریم جائے گی
پیش گوئی یہ جوتشی کی تھی
روٹھ کر کب سے ہے وہ میکے میں
بات چائے کی دیگچی کی تھی
ہیر کو چاہیے تھا ایل سی ڈی
اس نے نیلام بانسری کی تھی
کود کر قافیے کے دریا میں
میں نے فیصل غزل کُشی کی تھی

عزیز فیصل

Comments