شکر واجب ہے تیرا رب میرے​

شکر واجب ہے تیرا رب میرے​
کام تو نے بنائے سب میرے
رنگ ہی رنگ کائنات میں ہے
خوبصورت ہیں روز و شب میرے
دن میں خورشید رہنما میرا
چاند تارے چراغ شب میرے
ہو گئی مجھ پہ بارشِ اکرام
جب کہیں ہل گئے ہیں لب میرے
ہرطلب پر تیری عطا یا رب
مختلف مانگنے کے ڈھب میرے
کچھ نہ کچھ تو نے دے دیا مجھ کو
ہاتھ اٹھے دعا کو جب میرے
تو نے بخشی ہے تاب گویائی
میرے کب ہیں زبان و لب میرے
آدمی سے بنا دیا انساں
تیرا احسان ہے یہ رب میرے
یہ سخن پروری بھی تیری ہے
ہیں جو اشعار منتخب میرے
تیرا بندہ ہوں نام ہے اعجاز
اور بھی ہیں کئی لقب میرے
اعجاز رحمانی

Comments