چھچھوری لڑکیاں ہیں ہم ، علی زریون

"چھچھوری لڑکیاں " ہیں ہم
ہمیں ہر دن یہی سننے کو ملتا ہے
کہیں اوباش نظروں کو
کہیں گندے اشاروں کو نظر انداز کرنے پر
کہیں آفس ، کہیں کالج ، کہیں پر فیکٹری میں کام کرتے وقت
بس اتنا بتانے پر
کہ ہم کٹھ پتلیاں/ مجبوریاں ہرگز نہیں ہیں !!
جو تمھارے حکم پر ناچیں !
کہیں رسموں رواجوں پر ذرا سی اختلافی بات کرنے پر
یہی سننےکو ملتا ھے
" چھچھوری لڑکیاں" ہیں ہم
اگر اس جھوٹ کی گھٹیا معاشترتی غلاظت کو غلط کہنا چھچھورا ھے
تو ہم بالکل چھچھوری ہیں !
جو اِس دنیا میں رہتی ہیں
جہاں یہ لوگ عورت کو بھی اک ٹائلٹ سمجھتے ہیں !
کہ جن کی سوچ میں عورت کا معنی صرف " بستر" ہو
تو ان کے سامنے برقع پہننا بھی کوئی معنی نہیں رکھتا
" چھچھوری لڑکیوں" کا دکھ یہ " عزت ماب" کیا جانیں !
کہ جن کا مسئلہ عزت نہیں ہے
صرف کپڑے ہیں !
فقط اترے ہوئے کپڑے !!
علی زریون

Comments