آقا کی شفاعت کا طلبگار ہوں میں بھی

آقا ﷺ کی شفاعت کا طلبگار ہوں مَیں بھی
عاصی و سیہ کار و گنہگار ہوں مَیں بھی
کملی میں پناہ دے دو مجھے رحمتِ عالم ﷺ
رحمت کا طلبگار خطا کار ہوں مَیں بھی
مدنی میرے آقا ﷺ اے مرے سرورِ عالم ﷺ
امداد میری کرنا کہ لاچار ہوں مَیں بھی
آقا ﷺ تیرے ٹکڑوں پہ پلی ساری خدائی
ٹکڑوں پہ پلا سگ ہوں وفادار ہوں مَیں بھی
اک بار مجھے اذنِ مدینہ بھی عطا ہو
لب محوِ دعا، دیدہ ء خوں بار ہوں مَیں بھی
دل پڑھتا رہے حمد، درود اور دعائیں
جامی تو نہیں ادنیٰ ثناء کار ہوں مَیں بھی
ناصر کو عطا دردِ مدینہ کی ہو دولت
نایاب تیرا درد خر یدار ہوں مَیں بھی
ناصر مصطفےٰ رانا

Comments