لوگ کرتے ہیں فقط وقت گزاری پاگل

لوگ کرتے ہیں فقط وقت گزاری، پاگل
کوئی کرتا ہی نہیں بات ہماری، پاگل!
اس نے اک بار کہا "کوئی نہیں تم جیسا "
خود کو بھی لگنے لگی تب سے میں پیاری پاگل
تو بھی ہنس ہنس کے کیا کرتا تھا باتیں اور میں
تیری باتوں میں چلی آئی بچاری  پاگل
ایک مدت سے تری راہ میں آ بیٹھی ہے
عشق میں تیرے ہوئی راجکماری پاگل
میں نے پوچھا کہ کوئی مجھ سے زیادہ ہے حسیں
آئینہ ہنس کے یہ بولا اری جاری پاگل
یوں نہیں ہے کہ فقط نین ہوئے ہیں میرے
دیکھ کر تجھ کو ہوئی سارے کی ساری پاگل
اس نے پوچھا کہ مری ہو ناں؟ تو پھر میں بولی
ہاں تمہاری، میں تمہاری، میں تمہاری پاگل
میں رباب اس زیادہ تجھے اب کیا دیتی
زندگی میں نے ترے نام پہ واری، پاگل
فوزیہ وہاب

Comments