میرے سرکار کی تعظیم و اطاعت کے سوا

میرے سرکارﷺ کی تعظیم و اطاعت کے سوا
خلد ممکن ہی نہیں ان کی شفاعت کے سوا
جس نے دیکھا تجھے اک بار کئی بار کہا
اب نہ کچھ دیکھوں میں اس موہنی صورت کے سوا
ہے یہی ضعفِ بصارت کی بڑی اچھی دوا
مجھ کو آئے نہ نظر کچھ درِ حضرت کے سوا
جالیاں روضے کی ہر لمحہ نگاہوں میں رہیں
یہ کرم ساتھ رہے چشمِ عنایت کے سوا
دین و دنیا کی کمائی تو ہے در اصل یہی
اور کیا چاہئے آقاﷺ کی محبت کے سوا
کتنا خوش بخت ہے وہ شخص جہاں میں جس کو
کچھ نہیں اور عزیز آپ کی مدحت کے سوا
صنعتیں آتی ہیں احسنؔ سبھی آتے آتے
نعت آتی نہیں سرکارﷺ سے رغبت کے سوا
وسیم احسنؔ

Comments