یاد تم آئے تو پھر بن گئیں بادل آنکھیں

یاد" تم آئے تو پھر بن گئیں "بادل" آنکھیں"
دل کے ویرانے کو کرنے لگیں جل تھل آنکھیں
میری آنکھوں کا کوئی ابر سے رشتہ ہے ضرور
ٹوٹ کے برسی گھٹا جب ہوئیں بوجھل آنکھیں

خواب کو خواب سمجھتی ہی نہیں جانے کیوں؟
ڈھونڈھتی رہتی ہیں اک شخص کو پاگل آنکھیں
کیسا رشتہ ہے؟ تعلق ہے یہ کیسا آخر؟
چوٹ تو دل پہ لگی ہو گئیں گھائل آنکھیں
شوخیاں شرم و حیا نور کے سائے جھیلیں
عمر میں پہلے پہل دیکھیں مکمل آنکھیں
جس طرح کوئی غزل لکھی ہو مطلع کے بغیر
یوں نظر آتی ہیں اکثر بنا کاجل آنکھیں
اے شکیل ان سے کہو پیار سے وہ دور رہیں
درد کا بوجھ نہ سہہ پائیں گی چنچل آنکھیں

شکیل شمسی

Comments