ایک تھا شخص زمانہ تھا کہ دیوانہ بنا

ایک تھا شخص زمانہ تھا کہ دیوانہ بنا
ایک افسانہ تھا، افسانے سے افسانہ بنا
اک پری چہرہ کہ جس چہرہ سے آئینہ بنا
دل کہ آئینہ در آئینہ پری خانہ بنا
خیمۂ شب میں نکل آتا ہے گاہے گاہے
ایک آہو کبھی اپنا کبھی بے گانہ بنا
ہے چراغاں ہی چراغاں سرِ عارض سرِ جام
رنگِ صد جلوۂ جانانہ، صنم خانہ بنا
ایک جھونکا ترے پہلو کا مہکتی ہوئی یاد
ایک لمحہ تری دلداری کا کیا کیا نہ بنا

مخدوم محی الدین

Comments