درون ذات رسائی کا مشورہ دیتا

درونِ ذات رسائی کا مشورہ دیتا
تجھے میں آبلہ پائی کا مشورہ دیتا
وہ خود ہی چھوڑ گیا ہے وگرنہ مَیں بھی اُسے
جو پوچھتا تو جدائی کا مشورہ دیتا
اک ایسا دور بھی گزرا ہے اُس کے ساتھ مرا
کہ جو بھی ملتا برائی کا مشورہ دیتا
مجھ ایک عام سپاہی کی رائے لیتے اگر
میں قیدیوں کی رہائی کا مشورہ دیتا
کہ ایک دوست کے ناطے میں آپ اپنے خلاف
تجھے بھی ہرزہ سرائی کا مشورہ دیتا
وہ جلد باز مجھے عشق کرنے لگ گئی تھی
وگرنہ میں تو پڑھائی کا مشورہ دیتا
وہ شخص ٹھیک تھا ساحر، جو ہر کسی سے مجھے
ہمیشہ تلخ نوائی کا مشورہ دیتا
جہانزیب ساحر

Comments