بڑھیا تجھ کو حور دکھایا جا سکتا ہے

بڑھیا! تجھ کو حور دکھایا جا سکتا ہے
کشمش کو انگور دکھایا جا سکتا ہے

تم بولو تو تھر کے ریگستانوں کو بھی
پھولوں سے بھرپور دکھایا جا سکتا ہے

جلوہ دیکھنے والے جلوہ دیکھ چکے ہیں
اب تم کو بس طور دکھایا جا سکتا ہے

اس کے اک رخسار کے تل کی رکھوالی پر
کلیوں کو معمور دکھایا جا سکتا ہے

بوڑھے برگد کو پودوں کی فرمائش پر
جنگل سے کچھ دور دکھایا جا سکتا ہے

دنیا کو اچھا اچھا کہنے والوں کو
دنیا کا دستور دکھایا جا سکتا ہے

دور فلک پر, سانسیں روکے ایک فرشتہ
ہاتھ میں تھامے صور دکھایا جا سکتا ہے

نور میں اندھیرا دکھنا ناممکن لیکن
اندھیارے میں نور دکھایا جا سکتا ہے

ایک بریدہ پر پنچھی بھی پیٹ کی خاطر
اڑنے پر مجبور دکھایا جا سکتا ہے

شبیر احرام

Comments