مری زندگی پہ نہ مسکرا مجھے زندگی کا الم نہیں​

مری زندگی پہ نہ مسکرا، مجھے زندگی کا الم نہیں​
جسے تیرے غم سے ہو واسطہ وہ خزاں بہار سے کم نہیں​

مرا کُفر حاصلِ زُہد ہے، مرا زُہد حاصلِ کُفر ہے​
مری بندگی ہے وہ بندگی جو رہینِ دیر و حرم نہیں​

مجھے راس آئیں خدا کرے یہی اشتباہ کی ساعتیں​
اُنہیں اعتبارِ وفا تو ہے مجھے اعتبارِ ستم نہیں​

وہی کارواں، وہی راستے، وہی زندگی، وہی مرحلے​
مگر اپنے اپنے مقام پر کبھی تم نہیں، کبھی ہم نہیں​

نہ وہ شانِ جبرِ شباب ہے، نہ وہ رنگ قہرِ عذاب ہے​
دلِ بے قرار پہ ان دنوں، ہے ستم یہی کہ ستم نہیں​

نہ فنا مری، نہ بقا مری، مجھے اے شکیلؔ نہ ڈھونڈیئے​
میں کسی کا حسنِ خیال ہوں، مرا کچھ وجود و عدم نہیں​

شکیل بدایونی

Comments