بہت مشکل ہے اس کے ساتھ کار دلبری کرنا

بہت مشکل ہے اس کے ساتھ کار دلبری کرنا
جسے رستے میں آتا ہو سفر کو ملتوی کرنا
کسی کے آخری خط نے گرہ کھولی کہانی کی
ہمیں بھی بزدلی لگتا تھا پہلے خودکشی کرنا
یہ پرچہ وہ ہے جس میں نقل پر انعام ملتا ہے
وہ چہرہ سامنے رکھنا جب اس پر شاعری کرنا
کبوتر ٹوپیوں میں رکھ کے پھرتے ہیں یہاں کے لوگ
بہت محتاط ہو کر تم کوئی جادو گری کرنا
بہت بکھرا ہوا ہے وہ مرے اطراف میں اظہر
کسی جانب سے بھی ممکن نہیں پہلو تہی کرنا
اظہر فراغ

Comments